اترپردیش کے ضلع لکھیم پور کھیری میں گزشتہ اتوار کی شام ضلع کے پسگواں تھانے کے علاقے میں تین دن سے لاپتہ نوجوان خاتون کی لاش گنے کے کھیت سے برآمد ہوئی ہے۔ وہیں خاتون کے گلے میں چوٹ کے نشان بھی پائے گئے ہیں۔ خدشہ ہے کہ خاتون کو گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے۔
متاثرہ کے اہل خانہ نے ابھی تک کوئی الزام عائد نہیں کیا ہے۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا ہے۔
جمعہ کی شام پسگواں پولیس تھانہ علاقے میں رہنے والی 19 سالہ لڑکی پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی تھی۔ جب وہ شام تک گھر نہیں لوٹی تو گھر والوں نے اس کی تلاش شروع کر دی اور پولیس کو بھی اطلاع کر دی۔
پولیس نے کیس درج کر کے لاپتہ خاتون کی تلاش شروع کر دی لیکن تین دن تک اس کا کوئی سراغ نہیں ملا۔
پولیس اور اہل خانہ، گاؤں کے آس پاس کے کھیتوں میں اسے تلاش کر رہے تھے۔ تلاشی کے دوران اتوار کی شام اس کی لاش ایک گنے کے کھیت سے برآمد ہوئی۔ اس کا اسکارف اور چپل لاش کے قریب ہی پڑی تھی۔ گردن پر چوٹوں اور رگڑ کے نشانات بھی پائے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کار میں لاش:پولیس نے ملزم کاروباری کے خلاف ایس سی /ایس ٹی ایکٹ کی دفعہ جوڑی
اہل خانہ نے ابھی تک کوئی الزام عائد نہیں کیا ہے۔ اس واقعے کا مقدمہ پہلے ہی گمشدہ کیس میں لکھا جا چکا ہے۔ اب پولیس کیس میں قتل کی دفعات میں اضافہ کرے گی۔ فارنسک ٹیم نے واقعے کے منظر کا معائنہ بھی کیا ہے۔ اس دوران ایس پی وجئے ڈھول نے موقع پر پہنچ کر انکشافات کے لئے ٹیمیں تشکیل دیں۔
تھانہ پسگواں پولیس کے علاوہ کرائم برانچ اور سرویلنس کو بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔
تمام ٹیموں کو جلد سے جلد انکشاف کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ دیر شام تک پولیس کی تمام ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور اپنی تفتیش شروع کر دی۔
اس سلسلے میں ایس پی کھیری وجئے ڈھول نے بتایا کہ جس دن خاتون لاپتہ ہوئی تھی، اسی دن مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس مسلسل اس کی تلاش میں تھی۔ اتوار کے روز پولیس نے خاتون کی لاش برآمد کر لی ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پر ہی مناسب کارروائی کی جائے گی۔