اترپردیش کے ضلع رامپور میں اتوار کے روز کورونا کرفیو کے دوران چوروں نے ایک بند مکان کے تالے توڑ کر تقریباً 13 تولا سونا، 30 ہزار روپے نقدی اور اور دیگر سامان چوری کرلیے گئے۔ معاملہ کی ایف آئی آر تھانہ کوتوالی میں درج کرا دی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز جب کورونا کرفیو کے دوران سڑکوں اور گلی محلوں میں سناٹا چھایا ہوا تھا تبھی محلہ تھانہ کنڈہ کے علاقے میں ایک بند مکان کے تالے توڑ کر چوروں نے لاکھوں کے زیورات اور نقدی چوری کرلیے۔
اس تعلق سے متاثرہ کنبہ نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ گھر کے تمام افراد عید کے موقع پر اپنے رشتہ دار کے گھر دہلی گئے ہوئے تھے، آج جب دہلی سے واپس اپنے گھر لوٹے تو گھر کا تالا ٹوٹا ہوا ملا اور گھر کے اندر تمام سامان بکھرا پڑا تھا۔ جب انہوں نے الماری کا لاکر چیک کیا تو اس میں رکھے تقریباً 13 تولے سونے کے زیورات، 30 ہزار نقدی اور دیگر کئی اہم سامان غائب تھے۔
وہیں افضال حسین کی اہلیہ زاہدہ انجم نے روتے ہوئے بتایا کہ ان کی زندگی بھر کی جمع پونجی چور چوری کرکے لے گئے۔
مزید پڑھیں:
سہارنپور: سونے کی دکان سے لاکھوں کی چوری
چوری کی واردات کی تحریر تھانہ کوتوالی میں دے دی گئی ہے جس کے بعد پولیس ٹیم نے موقع پر پہنچ کر واردات کا جائزہ لیا اور اہل خانہ کے بیان بھی رکارڈ کئے۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ پولیس چوری کی اس واردات کا کب تک انکشاف کرتی ہے۔