اترپردیش کے شہر بنارس کے چھتن پورہ علاقہ میں گیارہویں شریف کے پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ جس پر محدود پیمانے پر عوام نے شرکت کی۔
اس موقع پر مولانا شکیل احمد مجددی نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ تعالی علیہ کی حیات و خدمات پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی مادر زاد ولی اللہ تھے ان سے متعدد کرامات ظہور پذیر ہوئیں۔ وہ اللہ کے مقرب بندے تھے ان کی جود و سخا کا تذکرہ دور دور تک مشہور تھا۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس عوام کی معاشی حالت پر سخت اثرانداز ہوا، رواں برس عائد پابندی کی وجہ سے گیارہویں شریف کی محفلیں منعقد نہیں ہوپارہی ہیں اس لیے عوام حضرت غوث اعظم رضی اللہ تعالی عنہ کے پیغامات پر عمل کرتے ہوئے غریب مسکین کی امداد کریں تاکہ مذہب اسلام کے بےمثالی ہونے کا ثبوت روشن ہو۔