ریاست اتر پردیش کے ضلع بارہ بنکی کے مدارس میں ہر گھر ترنگا مہم اور آزادی کے 75ویں برس میں منائے جا رہے ہیں،مدارس میں امرت مہوتسو جوش و خروش سے منایا جائے، اس کے لئے مدرسہ بورڈ کی جانب سے خاص ہدایت نامہ بھی جاری کیا گیاہے، مدرسہ بورڈ کی جانب سے جاری کئے گئے ہدایت نامے میں مدارس میں روز کسی نہ کسی قسم کے پروگرامزمنعقد کرانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
مدرسہ بورڈ کی کی جانب سے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط پر مدارس پابندی سے عمل کر ینگے، اس کے لئے ضلع اقلیتی بہبود افسر بالیندو دیویدی نے ضلع کے بنکی بلاک واقع مدارس منتظمین کے ساتھ میٹنگ کی، ضلع اقلیتی بہبود کے دفتر میں ہوئی اس میٹنگ میں مدارس منتظمین کو ہدایت نامہ کے تمام نکات کو ایک ایک کر کے بتایا گیا۔
مزید پڑھیں:No holiday on Independence Day: یوم آزادی پر اترپردیش میں تعطیل نہیں ہوگی: ریاستی حکومت
ضلع اقلیتی بہبود افسر کے مطابق مدرسہ منتظمین کو بتایا گیا ہے کہ وہ روز طلباء کو مجاہدین آزادی کے بارے میں بتائیں ان سے اس موضوع پر مضمون نگاری اور مختلف اقسام کے مقابلے کروائیں، تاکہ طلباء میں قوم پرستی اور حب الوطنی کا جذبہ پیدا ہو، مدارس منتظمین کو قومی پرچم کے بارے میں الگ سے اطلاع فراہم کی گئی، انہیں درست قومی پرچم فہرانے کے لئے خاص طور پر بتایا گیا۔