میرٹھ: ریاست اترپردیش کے کانپور میں بی جے پی رہنماؤں کے خلاف مسلمانوں میں ناراضگی کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ مسلمانوں کا ماننا ہے کہ ایسے لوگوں کو پارٹی سے برطرف کر دینا ہی کافی نہیں بلکہ ان کو جلد از جلد گرفتار کر کے سخت سزا دی جانی چاہیے۔ واضح رہے کہ گزشتہ جمعہ کو کانپور کے مسلمانوں نے نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اسی دوران شرپسندوں نے اسے فسادات میں تبدیل کر دیا تھا۔ مسلمانوں کو اسی آزمائش سے بچانے کے لیے میرٹھ کے شہر قاضی نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کل نماز جمعہ کے بعد سبھی لوگ اپنی مساجد میں ایسی احمقانہ حرکات کرنے والوں کے خلاف اپنی ناراضگی کا اظہار کریں لیکن سڑکوں پر کسی قسم کا مظاہرہ نہ کریں۔
اس کے علاوہ شہر قاضی نے نماز جمعہ کے بعد ضلع انتظامیہ کو ان دونوں رہنماؤں کے خلاف ایک میمورنڈم دینے کی بھی بات کہی۔ کانپور میں بی جے پی ترجمان نے جس طرح سے رسول اللہ کی شان میں گستاخی کی ہے، اس سے ملک کی شبیہ کو نقصان پہنچا ہے۔ کسی بھی مذہب کی توہین کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ عوام کے غصے کو کم کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: Peace Committee Meeting: میرٹھ ضلع انتظامیہ نے مذہبی رہنماؤں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا