ریاست اترپردیش کے ضلع میرٹھ میں آج ضلع کے نئے کپتان پربھاکر چودھری نے پولیس لائن میں میڈیا سے روبرو ہوتے ہوئے کہا کہ ضلع میں جرائم کو روکنا ان کا پہلا قصد ہے ۔اب فریادیوں کو اپنی شکایت درج کرانے کے لیے ایک واٹس آپ نمبر جاری کیا جائے گا جس پر فریادی کسی بھی وقت اپنی شکایت آسانی سے درج کروا سکتے ہیں۔
اسی درمیان موانا تحصیل سے تعلق رکھنے والے الیاس نے ایس ایس پی سے مدد کی فریاد کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں کچھ لوگوں سے جان کا خطرہ ہے۔ الیاس نے بتایا کہ موانا تحصیل کے تین بدمعاش نواب، ارشاد اور بابر جیسے ہسٹری شیٹر آئے دن ان پر جان لیوا حملہ کرتے ہیں، یہ تینوں شری رام نامی گینگ کے ممبر ہیں۔تین مہینے میں یہ چوتھا حملہ ہے جو ہمارے گھروالوں پر کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بدلے کی نیت سے یہ گینگ ہم پر حملہ کر رہا ہے۔ہماری اس گینگ سے کوئی آپسی رنجش نہیں ہے، لیکن جب سے ہم نے ان کے خلاف معاملہ درج کروایا ہے، یہ حملے کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں:میرٹھ: کورونا وبا میں یتیم ہوئے بچوں کو مدد پہنچانے کا کام جاری
ساتھ میں انہوں نے گاؤں کے مقامی پولیس پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مقامی پولیس افسر ان کا ساتھ دیتی ہے، جس کی وجہ سے ان بدمعاشوں کے حوصلے بلند ہیں۔ابھی حال ہی میں ہم پر ہوئے حملے کا سی سی ٹی وی فوٹیج بھی وائرل ہوا تھا، جس کے بعد ہم نے پولیس اسٹیشن پر مقدمہ درج کروایا۔لیکن پولیس نے ان کی گرفتاری کے محض چوبیس گھنٹوں کے بعد انہیں ضمانت پر رہا کردیا۔جس کے بعد سے یہ آزاد گھوم رہے ہیں اور مجھے روز دھمکیاں بھی آرہی ہیں۔
لہذا ان لوگوں کا مطالبہ ہے کہ ان بدمعاشوں کے ساتھ ایسے پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے۔وہیں ان لوگوں کی فریاد سننے کے بعد ایس ایس پی نے ان لوگوں کی پوری مدد کرنے کی یقین دہانی کی ہے۔