میرٹھ کے ضلع انتظامیہ نے فضائی آلودگی کو کم کرنے کے لیے اسکولز و کالجز کے گراؤنڈ میں پانی چھڑکنے کے احکامات جاری کیے ہیں تا کہ گرد و غبار نا اڑے نیز اساتذہ، طلبا و طالبات کو کالج آنے پر منہ پر ماسک یا اسکارف باندھ کر آنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
میرٹھ کے اسمٰعیل انٹر کالج کی طالبات نے ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کے دوران کہا کہ فضائی آلودگی سے نہ صرف تعلیم متاثر ہورہی ہے بلکہ صحت پر خطرناک مضر اثرات مرتب ہورہے ہیں۔
طالبات نے کہا فضائی آلودگی سے سانس لینے میں تکلیف کی شکایت ہورہی ہے۔
اسمٰعیل انٹر کالج کی پرنسپل تبسم بیگم نے بتایا کہ طلبا کو ہدایت دی گئی ہے کہ بغیر ماسک اسکارف باندھ کر کالج نہ آئیں۔
واضح رہے کہ دیوالی کے بعد سے گزشتہ کچھ دنوں سے مغربی اترپردیش کے بیشتر اضلاع میں فضائی آلودگی میں اضافہ ہوا ہے۔