ایک طرف کورونا انفیکشن کا خطرہ ابھی تک ختم نہیں ہوا ہے، وہیں دوسری طرف حکومت کی جانب سے بھی عوام سے تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی اپیل کی جارہی ہے۔لیکن وہیں میرٹھ میں بی جے پی کے ہی ایک مقامی لیڈر چوراہوں پر بینر پوسٹر لگوا کر لوگوں سے ماسک نہ پہننے کی اپیل کر رہے ہیں۔
ضلع میرٹھ میں بی جے پی کے مقامی لیڈر دیویندر بھورانڈا نے شہر میں مختلف چوراہوں پر بینر لگا کر لوگوں سے ماسک نہ لگانے کی اپیل کی ہے۔بی جے پی لیڈر نے بینر میں لکھا ہے کہ اگر آپ صحتمند ہیں تو آپ کو ماسک پہننےکی ضرورت نہیں ہیں۔ماسک صرف انہیں ہی پہننا چاہیے جو صحتمند نہیں ہیں یا جنہیں کھانسی، بخار یا سانس لینے میں تکلیف ہورہی ہے۔
بی جے پی لیڈر دیوبندر بھورانڈا نےاس طرح کا بینر لگوا کر اب اپنی ہی پارٹی کے لیے پریشانی پیدا کر دی ہے ۔ جس کی وجہ سے پارٹی لیڈران کو صفائی دینا مشکل ہو رہا ہے ۔
وہیں میرٹھ ساؤتھ کے بی جے پی رکن اسمبلی سومیندر تومر کا کہنا ہے کہ ان سے غلطی ہوئی ہے اور انہوں نے اپنی غلطی قبول کرتے ہوئے ایسے بینر بھی ہٹا دئیے ہیں۔کیونکہ ہمارے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ ہمیشہ سے عوام کو ماسک لگانے کی اپیل کر رہے ہیں۔اس طرح کی حرکت درست نہیں ہے، لیکن انہوں نے اپنی غلطی قبول کی ہے۔
جہاں ماہرین کورونا کی تیسری لہر کو لے کر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی بات کررہے ہیں۔ وہیں ایسے میں بی جے پی لیڈر کی جانب سے لوگوں کو ماسک نہ لگانے کی اپیل مزید مشکلات پیدا کرسکتی ہے