بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) سپریمو مایاوتی نے جمعہ کو اپنے ٹوئٹ میں لکھا' راجستھان کی کانگریس حکومت کی جانب سے کوٹہ سے تقریبا 12ہزار طلبہ و طالبات کو واپس ان کے گھر بھیجنے پر خرچ کے طور پر یوپی حکومت سے 36.36لاکھ روپئے دینے کا مطالبہ کیا ہے جو کہ راجستھان حکومت کی دیوالیہ پن اور غیر انسانیت کو ظاہر کرتا ہے۔ دو پڑوسی ریاستوں کے درمیان ایسی سطحی سیاست کافی تکلیف دہ ہے۔
مایاوتی نے کہا' راجستھان حکومت ایک طرف کوٹہ سے یوپی کے بچوں کواپنی کچھ بسوں سے واپس بھیجنے کے لئے من مانی رقم وصول کررہی ہے تو دوسری طرف اب مہاجر مزدوروں کو اترپردیش میں ان کے گھر بھیجنے کے لئے بسوں کی بات کر کے جو سیاسی کھیل کھیل رہی ہے وہ کتنا مناسب اور کتنا انسانیت نواز ہے؟۔
بی ایس پی سپریمو نے کہا کہ امفان طوفان کے قہر سے مغربی بنگال کو تباہی کا سامنا ہے۔ مرکزی حکومت کو آگے آکر ریاستی حکومت کو حالات کو معمول پر لانے کے لئے مدد کرنی چاہئے۔
: