آل انڈیا اتّحاد ملّت کونسل کے سربراہ مولانا توقیر رضاخاں کی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک میٹنگ میں کورونا کے معاملوں میں ہونے والے اضافے کے تئیں غور و فکر کرتے ہوئے، ریاست کے وزیراعلیٰ سے کورونا کی رفتار کو قابو کرنے کی غرض سے صوبے میں 14 روز کے مکمل لاک ڈاون کے نفاذ کا مطالبہ کیا گیا۔
سماجی فاصلے پرعمل کرتے ہوئے آئی ایم سی کے سربراہ مولانا توقیر رضا خاں کی صدارت میں منعقد میٹنگ میں تمام عہدے داران نے شرکت کی۔
میٹنگ کے دوران صوبے میں کورونا کی بےقا بو رفتار اور شرح اموات میں ہونے والے اضافے پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے اتفاق رائے سے صوبے کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے صوبے میں 14 روز کے مکمل لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ کو آگاہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ دن بدن بدتر ہوتے حالات کو قابو کرنے کے لیے فوراً مزید احتیاطی اقدام نہ کئے گئے تو حالات نہایت بدترین ہونے کا اندیشہ ہے۔
اس دوران آئے دن زیرعلاج کورونا متاثرین کی وائرل ہونے والی شکایتی ویڈیو کے تئیں وزیراعلیٰ کوآگاہ کرتے ہوئے صحت نظام کو مزید بہتر بنانے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
علاوہ ازیں لاک ڈاؤن کے سبب بے روز گار اور اقتصادی طور سے کمزور لوگوں کی نشاندہی کر کے ان کی مالی امداد مہیا کرانے کا مطالبہ آئی ایم سی کی جانب سے کیا گیا ہے۔
میٹنگ میں آئی ایم سی کے قومی جنرل سکریٹری ڈاکٹرنفیس خاں، ندیم خاں،افتخارقریشی، افضال بیگ، شمشاد پردھان، حافظ شرافت، حاجی اقبال، فرحان رضاخاں، چودھری راشد خاں، پرویز یارخاں، رومان رضا خاں، شہزاد پٹھان، رہبر انصاری، رضوان انصاری اور عمران رضا خاں محسن پٹھان وغیرہ نے شرکت کی۔