رامپور کے سیجنی نانکار گاؤں میں واقع ایک راشن ڈیپو پر ڈیپو ہولڈر کے ذریعہ راشن میں غبن کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔
دراصل سیجنی نانکار کے مقامی لوگوں نے میڈیا کے سامنے اپنی شکایت رکھتے ہوئے کہا ہے کہ راشن دیلر ندا ہر ماہ ان کا راشن ایک سے دو کلو کاٹ کر دیتی ہے۔
جس سے ان کی ضرورت پوری ہونا مشکل ہو جاتی ہے۔
اس معاملے کی حقیقت جاننے کے لئے جب ای ٹی وی بھارت کی ٹیم ندا کے راشن ڈیپو پر پہنچی تو وہاں پہلے سے موجود ندا اور اس کے ساتھیوں نے بدسلوکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے الٹی ہماری ہی ویڈیو بنانی شروع کر دی۔
اس معاملہ پر ہم نے کئی مرتبہ ڈیپو ہولڈر ندا سے بات کرنے کی کوشش کی۔
ندا نے تو ہمارے سوالوں کا جواب نہیں دیا لیکن وہاں اپنا راشن لینے آئے لوگوں نے ضرور ہمارے کیمرے پر آکر بتایا کہ ان کو یہاں سے طے شدہ راشن نہیں دیا جا رہا ہے۔
وہیں اس معاملے پر ہم نے تحصیل صدر کے فوڈ انسپیکٹر سے بھی بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں ابھی جانچ کی جا رہی ہے۔
اب دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ افسران اس معاملہ میں کیا کارروائی کرتے ہیں۔ کیا وہ حکومت کی جانب سے مستحقین کے لئے پہنچنے والے راشن تقسیم کو درست کرواتے ہیں یا نہیں۔