مظفر نگر: ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں آٹھ سالہ بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کے معاملے میں عدالت نے ملزم کو مجرم قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی۔ اس کے ساتھ ساتھ پاسکو کورٹ نے 50 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر دنیش کمار شرما اور منموہن ورما نے بتایا کہ شہر کے کوتوالی علاقے میں ایک محلہ کی رہنے والی آٹھ سالہ بچی کے ساتھ عصمت دری کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ کی والدہ نے 30 جولائی 2022 کو سٹی پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرایا تھا، اس میں الزام لگایا گیا تھا کہ اس کی آٹھ سالہ بیٹی کچھ سامان خریدنے دکان پر گئی تھی۔ جب لڑکی سامان لے کر واپس آرہی تھی تو ملزم نے اس کے منہ بند کیا اور اسے اپنے باتھ روم لے گیا۔ جہاں اس نے اس کے ساتھ جنسی زيادتی کی واردات کو انجام دیا۔
یہ بھی پڑھیں: Pre Marital Sex In Islam اسلام میں شادی سے قبل جنسی تعلقات قائم کرنا حرام ہے، الہ آباد ہائی کورٹ
شدید زخمی آٹھ سالہ بچی کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ اس کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے ڈاکٹر نے اسے ہائر سنٹر میرٹھ ریفر کر دیا۔ جہاں کئی روز تک ان کا علاج جاری رہا۔ اس معاملے میں پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا تھا۔ اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر دنیش کمار شرما اور منموہن ورما نے کہا کہ اس واقعہ کی سماعت خصوصی پوکسو ایکٹ عدالت کے جج بابورام نے کی۔ انہوں نے بتایا کہ استغاثہ نے واقعہ کو ثابت کرنے کے لیے آٹھ گواہان کو عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ملزم عارض کو قصوروار قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنا دی۔