لکھنو: ہندوستان کے مشن چندریان۔3 کے کامیابی کے ساتھ چاند پر لینڈنگ کے لمحے کو اپنی نظروں میں قید کرنے کے لئے اترپردیش کے مدرسوں میں طلبہ و طالبات کے لئے لائیو ٹیلی کاسٹ کا انتظام کیا جائے گا۔
اقلیتی امور کے وزیر دانش آزاد انصاری نے محکمہ اقلیتی امور کے ڈائرکٹر کو ہدایت دی ہے کہ چندریان۔3 کے چاند پر اترنے کے تاریخی لمحے کا لائیو ٹیلی کاسٹ ریاست کے تمام مدرسوں میں خصوصی طور سے کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے اس شاندار کامیابی سے مدارس کے طلبہ۔ طالبات اور ٹیچروں کو بھی آگا ہ ہونا چاہئے۔
دانش نے کہا ہے کہ ہمارا ملک ہندوستان سائنس کے میدان میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ یہ پورے ملک کے لیے فخر کی بات ہے کہ چندریان 3، 23 اگست 2023 کو چاند پر اترنے والا ہے۔ یہ ہندوستانی سائنس اور ٹیکنالوجی کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ یہ تاریخی ،منظر 23 اگست کی شام 5:27 بجے سے اسرو کی ویب سائٹ www.isro.gov.in اور اسرو کے آفیشل یوٹیوب چینل اور ڈی ڈی نیشنل پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔
انصاری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی رہنمائی میں اتر پردیش کے مدارس تیزی سے ترقی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ مدرسہ کے طلباء میں سائنس میں دلچسپی ہے۔ چاند کی سطح پر ہندوستان کے چندریان 3 کی لینڈنگ ایک یادگار لمحہ ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ریاست کے مدارس کے تمام طلبہ اور اساتذہ کو ہندوستان کی اس تاریخی کامیابی سے واقف کرایا جائے۔
یواین آئی۔