اترپردیش اردو اکیڈمی کی جانب سے ہر برس سالانہ ایوارڈز تقسیم کیے جانے پر اردو داں طبقے کی خاص نظر ہوتی ہے اس حوالے سے مجلس عاملہ کی میٹنگ کے اختتام کے بعد ہی ایوارڈز یافتگان کی فہرست میڈیا کے حوالے کی جاتی ہے اور ناموں کا اعلان کیا جاتا ہے۔
تاہم رواں برس روایت کے برخلاف مجلس عاملہ کی میٹنگ ختم ہوئی ایواڑز ایوارڈز کی فہرست بھی تیار ہوئی لیکن ناموں کا اعلان نہیں کیا گیا۔
اترپردیش اردو اکادمی کی مجلس عاملہ کی میٹنگ چیئرمین کیف الوریٰ کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر کمیٹی نے اردو کے فروغ کے سلسلے میں متعدد فیصلے کیے۔ کتابوں کی اشاعت کے لیے مالی امداد، اردو میڈیا سینٹر کے ذریعے صحافت کا کورس چلانے کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ اکادمی میں ترجمہ سینٹر اردو ڈرامہ کو شروع کرنے اور اردو ہندی شارٹ ہینڈ کی تربیت کا ایک سالہ سرٹیفکیٹ کو شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
آئی اے ایس پی سی ایس کے علاوہ دیگر مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کے لیے انتظامیہ نے کوچنگ کا اہتمام کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔ ناقص اردو کوچنگ سینٹر منسوخ کرنے اور اردو کتابوں کی فروخت کے سلسلے میں اتر پردیش کے مختلف شہروں میں گھر گھر کتابیں پہنچانے کے لیے موبائل وین کے بندوبست کی بھی منظوری دی ہے۔
مجلس انتظامیہ میٹنگ میں ڈاکٹر محمد علی جوہر( علی گڑھ مسلم یونیورسٹی ) پروفیسر رضی الرحمان (گورکھپور )پروفیسر آفتاب احمد آفاقی (بنارس ہندو یونیورسٹی ) ڈاکٹر رضوانہ، ڈاکٹر شاداب عالم کے علاوہ سبھی اراکین موجود رہے۔ اکادمی سیکریٹری زہیر بن صغیر نے شکریہ ادا کیا۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے اردو اکیڈمی کے چیئرمین کیف الوریٰ نے کہا کہ 'ایوارڈ کے حوالے سے سب کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی۔ فہرست بھی تیار کرلی گئی ہے لیکن 2019 کا بجٹ واپس جاچکا ہے اس لیے اب حکومت انتظامیہ کو اردو اکیڈمی نے خط ارسال کیا ہے کہ 2019 کے بجٹ کو جاری کریں تاکہ ایوارڈ تقسیم کیا جائے۔'
یہ بھی پڑھیں: اترپردیش: پرینکا گاندھی نے بارہ بنکی سے پرتگیا یاترا کو روانہ کیا
انہوں نے کہا کہ 'اس حوالے سے ہم نے وزیر اعلیٰ یوگی آدیتہ ناتھ سے بھی ملاقات کریں گے اور جو بھی ایوارڈ یافتگان ہیں ان کا ایک پروگرام کرکے وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں سے ایوارڈ دلایا جائے گا۔'
واضح رہے کہ اترپردیش اردو اکادمی ہر برس اردو کی ترویج و اشاعت کے حوالے سے نمایاں کام کرنے والی شخصیات کو ایوارڈ سے نوازتی ہے اس ضمن میں گزشتہ دو برس کے ایوارڈ کا اعلان نہیں ہوا تھا اب جب نئی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اس حوالے سے دو برس کے ایوارڈ یافتگان کی فہرست تیار کی گئی ہے لیکن ان کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ امید ہے کہ جلد ہی اعلان کردیا جائے گا۔