لکھنؤ کے ضلع مجسٹریٹ ابھیشیک پرکاش اور پولیس کمشنر سوجت پانڈے کی جانب سے دارالحکومت لکھنؤ میں لاک ڈاؤن کی سختی سے پیروی کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ صبح 9:30 سے شام 6 بجے تک ، ضروری سامان کی فراہمی سے منسلک گاڑیاں چل سکیں گی۔ باقی سبھی گاڑیوں پر پابندی عائد کی گئی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ حکم میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران ڈیوٹی کرنے والے ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف، ضلعی انتظامیہ، محکمہ بجلی اور پولیس افسران اور ملازمین کی گاڑیوں کو چھوڑ کردیگر تمام دو پہیے اور چار پہیے گاڑیوں پر پابندی عائد کی گئی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے یہ بھی حکم دیا ہے کہ جن لوگوں کے پاس صحیح ڈیوٹی پاس اور شناختی کارڈ ہیں، جیسے بینکوں اور دیگر ریاستی دفاتر کے ملازمین ہیں، انہیں صبح 9:30 بجے سے پہلے دفتر پہنچنا ہے اور شام 6 بجے کے بعد ہی وہ واپس ہوسکتے ہیں۔
اس سلسلے میں ڈی ایم ابھیشیک پرکاش نے کہا ہے کہ سیل کیے گئے علاقوں میں گاڑیوں اور لوگوں کے باہر جانے پر مکمل طور پر پابندی ہے۔ ان علاقوں میں ضروری سامان اور ادویات کی ہوم ڈیلیوری کی جائے گی۔ اگرکسی کو طبی ایمرجنسی ہو توانہیں ایمبولینس کے لیے کال کرنا ہوگا۔