ریاست اتر پردیش میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے سبب وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پولیس و ضلع انتظامیہ کو سخت ہدایت دی ہے کہ وبائی امراض کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بازاروں میں سماجی دوری اور ماسک پہننے کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جائے۔ ساتھ ہی لکھنؤ شہر میں کنٹینمینٹ زون میں آنے جانے کو روکا جائے۔
قابل ذکر ہے کہ لکھنؤ میں 8 اپریل سے رات 9 بجے تا صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ ہے۔ رمضان المبارک میں نماز تراویح کو مد نظر رکھتے ہوئے علماء کرام نے ڈی ایم ابھیشیک پرکاش سے 10 بجے سے کرفیو نافذ کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن اسے نہیں مانا گیا۔
اب وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے سخت ہدایت دی ہے کہ مذہبی مقامات اور عبادت گاہوں میں پانچ افراد سے زیادہ لوگ ایک وقت میں داخل نہ ہوں۔ ایسے میں مساجد میں نماز تراویح ادا کرنا ممکن نہیں ہوگا۔ گزشتہ برس بھی یہی حالات تھے اور اب دوبارہ لکھنؤ میں وہی حالات پیدا ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ لکھنؤ کے علماء کرام میں سے کسی بڑے عالمِ دین کا کوئی بیان اس معاملے پر ابھی تک نہیں آیا ہے۔ جب کہ پانچ افراد کی شرط صرف لکھنؤ شہر کے لئے ہے، دوسرے اضلاع کے لئے نہیں ہے۔