ریاست اترپردیش کے ضلع بنارس کے مڑی کنکا گھاٹ، ہریش چندر گھاٹ و دیگر علاقوں میں جہاں لاشوں کو جلایا جاتا ہے، عام دنوں کے بنسبت گزشتہ ایک ہفتے میں لاشوں کی تعداد میں اچانک کثرت سے اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف لوگوں کو گھنٹوں انتظار کرنے کے بعد آخری رسومات ادا کرنی پڑ رہی ہے بلکہ کورونا وائرس کی خطرناک صورتحال مزید ابتر ہونے پر لوگ تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔
بنارس کے مڑی کنکا گھاٹ پر رہنے والے شبھم نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ عام دنوں کی بنسبت گزشتہ ایک ہفتے سے لاشوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل کبھی بھی لائن لگانے کی صورتحال پیش نہیں آئی لیکن اب لوگوں کو گھنٹوں انتظار کرنے کے بعد آخری رسومات ادا کرنی پڑ رہی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ضلع میں اگرچہ 411 افراد کورونا سے ہلاک ہوئے ہیں لیکن کورونا وائرس سے متعلق زمینی حقائق مختلف ہے۔