رامپور: لوک سبھا کے ضمنی انتخاب کے لیے سماجوادی پارٹی رہنماء اور رکن اسمبلی محمد اعظم خان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے پولنگ بوتھ پہنچے۔ اس دوران وہ وہاں موجود افسران اور پولیس فورسز کو دیکھ کر بھڑک گئے۔ اعظم خان نے پولیس پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ صبح سے پولیس نے ضلع بھر میں دہشت مچا رکھی ہے جس کے ڈر کی وجہ سے لوگ گھروں سے ووٹ کرنے کے لیے نہیں نکل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا اس طرح سے ووٹنگ کرائی جاتی ہے؟
اعظم خان نے کہا کہ جب پولیس محلوں کے ناکوں پر کھڑی ہوگی تو کس طرح لوگ ووٹ کرنے آئیں گے۔ انہوں نے میڈیا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دکھائیے ان پولیس والوں کہ کس طرح سے یہاں کڑے ہیں۔ واضح رہے کہ لوک سبھا کے ضمنی انتخاب کے لیے صبح سے جب ووٹنگ شروع ہوئی تو شام تک بہت ہی سست ووٹنگ فیصد رہا۔ اس دوران کئی مقامات پر پولیس کی جانب سے ووٹرز پر کافی سختیاں بھی کی گئیں اور ووٹرز کو مختلف قسم کی خامیاں بتاکر واپس بھی کیا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ اعظم خان اور سماجوادی پارٹی امیدوار پولیس کے اس رویہ سے کافی ناراض نظر آئے۔
یہ بھی پڑھیں: Rampur Bypoll: رامپور ضمنی الیکشن میں ووٹرز میں جوش کی کمی