لوک دل کے قومی جنرل سکریٹری چودھری ارجن سنگھ،صوبائی سکریٹری چودھری دھیر سنگھ، صوبائی سکریٹری اور ضلع صدر راو قیصر سلیم نے دیوبند کے عیدگاہ میدان پہنچ کر خواتین کی اس تحریک کو اپنی حمایت دی۔
انہوں نے کہا کہ جلد ہی ان کی پارٹی کی خواتین سیل بھی اس تحریک میں خواتین کے ساتھ آکر اس کا حصہ بنیں گی۔
انہوں نے کہا کہ لکھنؤ، دہلی اور دیوبند سمیت ملک میں جہاں جہاں بھی اس طرح کے احتجاج ہو رہے ہیں لوک دل ان کو پوری حمایت کرے گی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اعلیٰ کمان کی ہدایت پر یہاں پہنچے ہیں اور وہ شاہین باغ بھی گئے تھے، مودی حکومت نے جو قانون بنایا ہے وہ آئین کے خلاف ہے، اس لیے حکومت کو اپنی ضد چھوڑ کر ان احتجاج کرنے والے لوگوں سے بات کرنی چاہئے۔
چودھری ارجن سنگھ نے کہا کہ خواتین کا احتجاج پوری طرح درست ہے۔ یہ حکومت اصل مسائل سے ذہن بھٹکانے کے کے لیے عوام کو سڑکوں پر لا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ حکومت پوری طرح ناکام ہے، اس لیے اس قسم کے قانون لاکر عوام کو اور ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔