جونپور: کیرلہ کے گورنر عارف محمد خان نے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 کا اہم مقصد ہی تعلیم اور سیکھنے پر توجہ مرکوز کرنا اور بھارت کو سائنس کے شعبے میں ایک عالمی سپر پاور بنانا ہے۔ عارف محمد خان منگل کو بابت پور سے بدلا پور مہوتسو میں شرکت کرنے لئے جاتے وقت جونپور ڈاک بنگلے میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 کا ہدف 2040 تک ایک موثر تعلیمی نظام تشکیل دینا ہے۔ جس میں تمام سیکھنے والوں کو، سماجی و اقتصادی پس منظر سے قطع نظراعلیٰ معیار کی تعلیم تک یکساں رسائی حاصل ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد ایک نیا نظام بنانا ہے جو ہندوستان کی روایات اور اقدار کو سمیٹ کر 'وشو گرو' بننے کی راہ ہموار کرے گا۔ Kerala Governor on National Education Policy
انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا دوبار افتخار قائم کرنے کے لیے نئی تعلیمی پالیسی میں ہندوستان کی ثقافتی تاریخ، سائنسی اختراعات وغیرہ پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بغیر انسان کی زندگی نامکمل رہتی ہے۔ گورنر نے کہا کہ آج کے ٹکنالوجی کے دور میں ٹیکنالوجی پر مبنی سرمایہ پیدا ہوتا ہے۔ آج جس کے پاس ٹیکنالوجی ہے وہ سرمایہ دار ہے۔ نئی تعلیمی پالیسی لوگوں کو تکنیکی معلومات اور اپنی ثقافت سے آگاہی دینے کے لیے لائی گئی ہے۔ گرودیو رابندر ناتھ ٹیگور کی کہی ہوئی باتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو حقیقی آزادی تبھی ملے گی جب بھارت کی بنیاد مکمل طور پر تعلیم پر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت علم، تعلیم اور حکمت کا مرکز ہے۔ باعزت مقام حاصل کرنے کے لیے ہمارا تعلیم یافتہ ہونا بہت ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: APJ Abdul Kalam Birth Anniversary اے پی جے عبدالکلام کو پڑھیں بغیر ان کے بارے میں رائے قائم نہیں کی جاسکتی عارف محمد خان
سوامی رنگناتھن کی کہی باتوں کی مثال دیتے ہوئے کہا 'لوگ کہتے ہیں کہ لکشمی اس کے پاس نہیں جاتی جس کے پاس سرسوتی ہے، لیکن رنگناتھن نے اسے بالکل غلط کہا ہے۔ وہ کہتے تھے کہ جہاں سرسوتی رہتی ہے وہاں لکشمی جی خود بخود آجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ سوامی وویکانند نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر کوئی پڑھا لکھا شخص اپنی تعلیم کا استعمال کسی کو تعلیم دینے کے لیے نہیں کرتا تو اسے غدار کہا جائے تو غلط نہیں ہوگا۔ جونپور ڈاک بنگلہ پہنچنے پر گورنر عارف محمد خان کو گارڈ آف آنر دیا گیا۔ اس کے بعد مہاراشٹر کے سابق وزیر مملکت برائے داخلہ اور مہاراشٹر بی جے پی کے نائب صدر کرپاشنکر سنگھ اور ضلع مجسٹریٹ منیش کمار ورما سمیت مختلف مقامی رہنماؤں اور عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ریاست کے وزیر مملکت برائے کھیل اور یوتھ ویلفیئر آزاد انچارج گریش چند یادو بھی موجود تھے۔
یو این آئی