ریاست اترپردیش کے سہارنپور کے دیوبند کے علاقہ شری ترپور بالا سندری میلے کے مین گیٹ کی تعمیر پوری نہ ہونے اور چار سال قبل میلہ گراﺅنڈ میں توڑے گئے دروازے کو دوبارہ تعمیر نہ کئے جانے پر بی جے پی کارکنان نے ناراضگی کا اظہار کیا۔
اور انہو ں نے ایس ڈی ایم دیوبند کو شکایتی مکتوب دے کر میلے سے قبل مین گیٹ سمیت توڑے گئے سبھی دروازے کو دوبارہ تعمیر کئے جانے کا مطالبہ کیا۔
اس کے علاوہ انھوں نے متنبہ کیا ہے کہ اگر ان کا مطالبہ پورا نہ ہوا تو وہ دھرنا ، احتجاجی مظاہرہ اور بھوک ہڑتال کرنے پر مجبور ہوں گے۔
بی جے پی کارکنا ن نے سابق شہر صدر گجراج رانا کی قیادت میں ایس ڈی ایم راکیش کمار کو دیئے گئے شکایتی مکتوب میں کہا کہ ساڑھے چار سال قبل دیوی کنڈ روڈ کو چوڑا کرائے جانے کے دوران اس وقت کے نگر پالیکا چیئرمین معاویہ علی کی جانب سے میلہ گراﺅنڈ کے مین گیٹ سمیت مہارانا پرتاب گیٹ ، شہید گیٹ، مہارشی بالمیکی گیٹ، مہاراج اگرسین گیٹ، بابا صاحب بھیم راﺅ امبیڈکر کے گیٹ کے علاوہ دیگر مذہبی رہنماﺅں کے نام سے میلہ احاطے میں تعمیر شدہ دروازہ کو توڑا گیا تھا۔
بی جے پی کارکنان کا کہنا ہے کہ انھوں نے متعدد مرتبہ موجودہ نگر پالیکا چیئرمین کو میمورنڈم دے کر دروازہ کو دوبارہ تعمیر کرنے کا مطالبہ کرچکے ہیں لیکن مذکورہ دروازہ کی تعمیر نہیں کرائی جارہی ہے ، اتنا ہی نہیں میلے کے مین گیٹ کی تعمیر بھی بیچ میں ہی لٹکی ہوئی ہے۔