ریاست اترپردیش کے ضلع رامپور میں سرکاری دستاویزات میں خرد برد کرنے کو لے کر پٹواری سمیت تین افراد کے خلاف کوتوالی سول لائنس میں مقدمہ درج ہوا ہے۔
معاملے میں پولیس نے پٹواری وشنو شرما کو گرفتار کر لیا ہے۔ دیگر دو ملزمین کی تلاش میں پولیس دبش دے رہی ہے۔
معاملے کی جانکاری دیتے ہوئے ایڈیشنل ایس پی ارون کمار سنگھ نے بتایا کہ معاملہ زمین سے متعلق ہے۔ ایک شخص کی زمین کے کاغذات میں خرد برد کرکے دوسرے کا نام درج کرانے کو لے کر ضلع انتظامیہ سے متاثر شخص نے شکایت کی تھی۔ جس پر ضلع انتظامیہ نے جانچ کرائی۔ جانچ میں شکایت صحیح ثابت ہوئی۔ اس بنیاد پر ضلع انتظامیہ نے پٹواری سمیت تین افراد کے خلاف معاملہ درج کر لیا ہے جو کہ اب کورٹ میں زیر سماعت ہے۔
رامپور کے متاثر بھگوان دیئی کے مطابق وہ اور اس کے باپ دادا گذشتہ 70 برسوں سے زائد اراضی کے کھاتیدار قابض چلے آ رہے ہیں۔ ان کی زمین کے کاغذوں میں پٹواری وشنو شرما نے خرد برد کرکے غلط نام جوڑ دیے۔
اسی معاملے پر وشنو شرما نے متاثر چنی لال سے کچھ پیسے بھی لیے اور 200 گز زمین کا بھی مطالبہ کیا لیکن اس کے بعد بھی اس کا کام نہیں ہوا۔ اس پر متاثر شخص نے پٹواری کی شکایت ضلع انتظامیہ سے کی تھی۔
دستاویزات میں خرد برد کرکے ایک شخص کا نام داخل کر دیا گیا تھا اور اس کے نام سے کھتونی بھی جاری کر دی گئی تھی۔ جانچ سے پتا چلا کہ اصل مالک کی زمین کسی دوسرےکو دے دی گئی تھی جو کی غیر قانونی ہے۔