سلطان پور: معاشرے میں کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو خدمت خلق کے لیے مثال پیش کر رہے ہیں ایسی ہی ایک مثال سلطانپور کے رہائشی عبدالحق نے پیش کی ہے۔ عبدالحق نے مذہب اور ذات پات کو ترک کرتے ہوئے ایک نامعلوم شخص کی ہندو روایت کے مطابق آخری رسومات ادا کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق کادی پور کوتوالی علاقے کے سرائے رانی میں گزشتہ روز ایک 80 سالہ بوڑھے کی لاش لاوارث حالت میں برآمد ہوئی تھی۔
تین دن تک پولیس لاش کی شناخت کرتی رہی بعد میں پولیس نے اس خبر کو سوشل میڈیا پر بھی وائرل کیا لیکن کسی نے بھی لاش کی شناخت نہیں کی اور نہ ہی مہلوک کا کنبہ پولیس تک پہنچا۔
اس کے بعد پولیس نے اس کی اطلاع سماجی کارکن عبد الحق کو دی، جس کے بعد موقع سے پولیس اسٹیشن پہنچے عبد الحق نے لاش کو لے کر ہندو رسم و رواج کے مطابق آخری رسومات ادا کی۔
سماجی کارکن عبد الحق اب تک 30 لاوارث لاشوں کی آخری رسومات ادا کر چکے ہیں جن میں ہندو، مسلم کے علاوہ دیگر طبقہ کے لوگ شامل ہیں۔
عبد الحق مسلم لاشوں کو قبرستان اور ہندو لاشوں کو جلاکر آخری رسومات ادا کرنا اپنا اخلاقی فرض سمجھتے ہیں۔
اس نیک کام کے لئے پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر وپن مشرا نے عبد الحق کے کام کے لئے انہیں مبارکباد دی ہے۔