ضلع مجسٹریٹ منیش کمار ورما نے بتایا کہ سراتھو تحصیل علاقے کے محمدپور گاؤں باشندہ ایک شخص پانچ دن قبل ممبئی سے واپس لوٹا تھا۔
اسےقرنطینہ مرکز میں آشارام پدھتی کالج میں رکھا گیا تھا۔ علامات ملنے پر محکمہ صحت نے نو مئی کو اس کے نمونے جانچ کے لئے پریاگ راج کی لیب میں بھیجا تھا۔
منگل کی رات موصول رپورٹ میں اس کے اندر کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ متاثرہ شخص کوعلاج کے لئے پریاگ راج واقع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
وہیں بھارت میں کورونا وائرس کا قہر جاری ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 3525 نئے کیسزکے ساتھ متاثرین کی تعداد بڑھ کر 74281 ہوگئی ہے جبکہ ہلاک شدگان کی تعداد میں بھی زبردست اضافہ ہوا ہے۔
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد 74281 ہوگئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 122 مریضوں کی موت کے بعد کل اموات 2415 تک پہنچ گئی ہے۔