اترپردیش کے سنت کبیر نگر ضلع کے مہولاہی تھانہ حلقہ کے ٹھاٹھر کے رہنے والے پنچایت رکن اپنے والد کی آخری رسومات کرنے جارہے تھے کہ اسی دوران ان کا اغوا کرلیا گیا۔ پورے معاملے پر پولیس بی ڈی سی رکن کی تلاش میں لگ گئی ہے۔ الزام ہے کہ بی جے پی حامیوں نے پنچایت رکن کو سماج وادی پارٹی کی حمایت کرنے پر اسلحے کے زور پر اغوا کرلیا۔
کیا ہے پورا معاملہ
پورا معاملہ مہولی تھانہ علاقے کے ٹھاٹھر کا ہے۔ جہاں کے رہنے والے منی رام یادو کے والد کا انتقال جمعرات کو قریب 12:30 بجے ہو گیا تھا۔ والد کی موت خبر سننے پر اجے کمار یادو جو منی رام کے بڑے بیٹے ہیں، اپنے گھر پہنچے اور والد کی آخری رسومات ادا کرنے کے لئے جارہے تھے کہ مخلص پور میں موجود کٹھنائیا پل کے نزدیک پہنچتے ہی چار اینووا کاروں پر سوار درجن بھر کے قریب بدمعاش آئے اور اجے کمار یادو کو اسلحے کے بل پر اٹھاکر فرار ہوگئے۔ اس کی اطلاع جب لوگوں کو ملی تو لاش لےکر دھنگٹا تھانے پر پہنچ گئے۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرنگر: بھارتیہ کسان سنگھ نے اپنے مطالبات سے متعلق ضلع انتظامیہ کو میمورنڈم پیش کیا
اغوا کیے گئے شخص کے چچا کا کہنا ہے کہ ان کے بھتیجے کو بی جے پی کے لوگوں نے اغوا کرلیا ہے۔ وہ سماج وادی پارٹی کی حمایت کر رہے تھے۔
معاملے پر دھنگھٹا سی او انشومان مشرا نے بتایا کہ معاملے کی جانکاری ملنے پر موقع واردات کا معائنہ کیا گیا ہے، بی ڈی سی رکن کے اغوا ہونے پر پولیس کی کئی ٹیموں کو لگایا گیا ہے۔ جو بھی اس میں شامل ہیں ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔