ایک سینئر پولیس اہلکار نے بتایا کہ 'دوبے کانپور انکاؤنٹر کیس کا کلیدی ملزم ہے جس میں حملہ آوروں کے ایک گروہ نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کی جو جمعرات کی رات دیر گئے شہر میں ایک مجرم کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔'
کانپور کے آئی جی موہت اگروال نے بتایا کہ 'اس کے (وکاس دوبے) گاؤں کے لوگوں نے پولیس کو بتایا ہے کہ اس نے یہ مکان غیرقانونی طور پر قبضہ کی گئی اراضی کے ٹکڑے پر بنایا تھا اور وہیں پر جرائم پیشہ سرگرمیاں چل رہی تھیں۔ پولیس اس کی غیر قانونی املاک اور بینک کھاتے گینگسٹر ایکٹ کے تحت ضبط کرے گی۔'
اگروال نے مزید بتایا کہ 'پولیس نے جمعرات کی رات پولیس ٹیم پر فائرنگ کرنے والے 22 ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'ہم نے اس معاملے میں ایک انکاؤنٹر میں دو مجرموں کو گولی مار کر ہلاک کیا ہے۔ ضلع کانپور کے چوبے پور پولیس اسٹیشن کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) کو ہسٹری شیٹر دوبے کی گرفتاری کے لئے چھاپے کے دوران موقع سے فرار ہونے پر معطل کر دیا گیا ہے۔'
اس سے قبل آئی جی کانپور نے اعلان کیا تھا کہ دوبے کے ٹھکانے سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے کو 50،000 روپے نقد رقم دی جائے گی۔