ریاست اترپردیش کے رامپور میں ورلڈ آرگنائزیشن آف ریلیجنز اینڈ نالج World Organization of Religions and Knowledge اور جنوبی کوریا کی تنظیم ایچ ڈبلیو پی ایل نے مشترکہ طور پر پروگرام کا انعقاد کرکے امن عالم کے لئے ایم او یو دستخطی مہم چلاکر پوری دنیا بالخصوص روس اور یوکرین سے جنگ بندی کی اپیل کی۔
رامپور میں مبلغ اسلام سید عبداللہ طارق کی تنظیم ورلڈ آرگنائزیشن آف رلیجنز اینڈ نالج کی جانب سے جنوبی کوریا کی تنظیم ایچ ڈبلیو پی ایل کے اشتراک سے ایم او یو یعنی امن عالم معاہدہ پر دستخطی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر رامپور میں ورک کے نئے کیمپس میں ڈکلیریشن آف پیس میموریل کو بھی قائم کیا گیا۔ اس متعلق تفصیل سے بتاتے ہوئے ورک کے صدر سید عبداللہ طارق نے کہا کہ جنوبی کوریا کی تنظیم ایچ ڈبلیو پی ایل دنیا کے تقریباً 190 ممالک میں امن کی تحریک چلا رہی ہے اور بھارت میں اس کام کو ہماری تنظیم ورک انجام دے رہی ہے۔
وہیں بھارت میں ایچ ڈبلیو پی ایل تنظیم کی نمائندہ دیکشا رنجن نے کہا کہ ہم ورک WORK کے ساتھ مل کر امن عالم کے لئے ایک بڑی مہم کا آغاز کرنے جا رہے ہیں۔اسی لیے آج ہم یہاں امن عالم معاہدہ پر دستخط کر رہے ہیں۔'
یہ بھی پڑھیں: رامپور کو مثالی شہر بنانے کی مہم کی شروعات
انہوں نے کہا کہ یوکرین میں جنگ بندی اور امن قائم کرنے کے لئے حکومتوں کو آگے آنا چاہیے۔ وہیں جب ہم نے دیکشا رنجن سے فلسطین کی آزادی اور وہاں امن قائم کرنے کے لیے ایچ ڈبلیو پی ایل کی سرگرمیوں سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ فی الحال ہماری ترجیح یوکرین میں امن کا ماحول قائم کرنا ہے۔
اس کے بعد دونوں تنظیموں کے عہدیداروں نے باقاعدہ امن معاہدے پر دستخط کیے۔ وہیں دستخطی تقریب میں بڑی تعداد میں شامل ہوکر مرد و خواتین نے بھی اپنے دستخط کیے۔