شکیل ایجوکیشنل اینڈ سوشل ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے سوسائٹی کے صدر دفتر میں ایک پروگرام منعقد کیا گیا اور نیٹ 2021 امتحانات میں کامیاب ہونے والے ضلع جونپور کے طلبا کی حوصلہ افزائی کرکے انہیں مبارکباد پیش کی گئی۔
تقریب میں کامیاب طلباء کو مومنٹو اور اسناد سے بھی نوازا گیا تاکہ وہ مستقبل میں مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرکے قوم و ملت کا نام روشن کرنے میں اپنا اہم تعاون دیں۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی ڈاکٹر ریحان اختر قاسمی اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ دینیات علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے کامیاب طلبا کے سامنے تبادلہ خيال کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع جونپور کے طلباء میں کافی صلاحیت ہے جسے نکھارنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ طلباء کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان کی رہنمائی کیلئے ہی شکیل ایجوکیشنل اینڈ سوشل ویلفیئر سوسائٹی کا قیام عمل میں آیا ہے، جہاں سے طلباء کو ملک کی بڑی یونیورسٹیوں میں داخلہ لینے کیلئے صحیح رہنمائی کے ساتھ ساتھ داخلہ جاتی امتحان کی تیاری و دوران امتحان قیام و طعام کی سہولیات مہیا کرائی جارہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:ز یکا وائرس کا قہر کانپور میں جاری، انتظامیہ الرٹ
انہوں نے مزید کہا کہ اس علاقے کے نوجوانوں کو رہنمائی کی ضرورت ہے تاکہ وہ مختلف مسابقتی امتحانات میں اپنا لوہا منوانے میں کامیاب ہوں اور معاشرے کے کام آ سکیں۔انہوں نے بتایا کہ نوجوان طلبا نے نیٹ امتحان میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ضلع جونپور کے لوگوں کی شان بڑھادی ہے۔
ڈاکٹر ریحان اختر قاسمی نے مجاہد اسلام و احمداللہ ندوی کی موجودگی میں کامیاب طلباء محمد عاطف خان صبرحدی، طیبہ پارہ کمال اور سوسائٹی کی جانب سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں بی ایس سی کا داخلہ جاتی امتحان پاس کرنے والے محمد علی ساکن موضع منیچھا کی حوصلہ افزائی کی۔اس موقع پر مجاہد اسلام نے کہا کہ اس طرح کی تقریب کا انعقاد کرنے کا مقصد طلبا کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ وہ اپنے میدان میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔
امیدواروں نے شکیل ایجوکیشنل اینڈ سوشل ویلفیئر سوسائٹی کی اس کاوش و پہل کی سراہنا کی اور کہا کہ ایسے اقدامات سے ان کے حوصلوں کو زور ملتا ہے۔اس موقع پر شاہنواز منظور،عارف خان، محمد بابر،فہیم اختر محمد عادل خان وغیرہ موجود رہے۔