حکومتِ اترپردیش کے زیرانتظام 'مشن روزگار پروگرام' کے تحت ضلع روزگار دفتر گورنمنٹ آئی ٹی آئی و 'کوشل وکاس مشن' کے ذریعہ پرائیویٹ شعبے کے تعاون سے 30 جنوری 2021 کو ایک بڑے روزگار میلے کا اہتمام صدیق پور جونپور میں کیا جائے گا۔
روزگار میلے کا افتتاح وزیرِ مملکت برائے شہری ترقیاتی منصوبہ بندی کریں گے۔ میلے میں پرائیویٹ شعبے کی 25 مختلف کمپنیاں شامل ہوں گی اور تقریباً 1500 اسامیوں پر تقرری کریں گی۔
اس میلے میں شرکت کرنے والے امیدواروں کی کم سے کم تعلیمی لیاقت ہائی اسکول، انٹرمیڈیٹ اور آئی ٹی آئی طے کی گئی ہے، اور عمر کی حد 18 سے 35 سال رکھی گئی ہے۔ مختلف کمپنیوں کے ذریعہ منتخب امیدواروں کو 8000-20000 ہزار روپیہ ماہانہ تنخواہ پر نوکری دی جائے گی۔
ضلع مجسٹریٹ منیش کمار ورما نے بتایا کہ میلے سے متعلق کسی بھی قسم کی جانکاری ضلع روزگار دفتر اور آن لائن پورٹل www.sewayojan.up.nic سے حاصل کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ روزگار میلے میں شرکت کرنے والے نوجوان اپنے تمام اسناد کی فوٹو کاپی مع دو پاسپورٹ فوٹو اور شناختی کارڈ کے ہمراہ میلے میں شریک ہوں۔