دنیا بھر میں آج 15 اکتوبر کو ہاتھ دھونے کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔اسی ضمن میں آج جونپور کے ضلع مجسٹریٹ دنیش کمار نے کلکٹریٹ کیمپس میں کلکٹریٹ افسران اور عملہ کے ساتھ ساتھ صابن سے ہاتھ دھو کر اس دن کو منایا۔
کورونا وائرس نے پوری دنیا کو حفظان صحت کی اہمیت اور ضرورت سے روبرو کروایا ہے اور کورونا وائرس سے نجات اور بچاؤ کا واحد طریقہ ہی صحت اور صفائی ہے۔ہم جتنا اپنی حفظان صحت اور ہاتھ دھونے کو اپنی عادت میں شامل کرلیں گے اتنی جلد ہی ہم اس وبائی مرض سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔
جونپور کے ضلع مجسٹریٹ نے بھی اسی حوالے سے بیداری پھیلانے کے لیے "یوم گلوبل ہینڈ واشنگ" منایا۔
ضلع مجسٹریٹ دنیش کمار سنگھ نے کہا کہ آج ہم گلوبل ہینڈ واشنگ ڈے ہے۔ اسی ترتیب میں ریاستی حکومت کے ذریعہ ہدایات دی گئی تھی کہ بڑے پیمانے پر ہاتھ دھونے کی عادت ڈالنے کے لئے تمام دفاتر میں اس کا مظاہرہ کیا جائے۔ اسی مناسبت سے آج تمام سرکاری دفاتر میں یوم ہینڈ واشنگ پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ ہم سب کو وقتاً۔فوقتاً اپنے ہاتھ دھونے چاہئے تاکہ بہت ساری بیماریوں سے بچا جاسکے۔
واضح رہے کہ ہربرس 15 اکتوبر کو ہاتھ دھونے کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔اس دن کا مقصد لوگوں کے درمیان ہاتھ دھونے کی اچھی عادت کو اپنانے کے بارے میں شعور پیدا کرنا ہے، تاکہ بیماریوں سے بچاجاسکے۔رواں برس ہاتھ دھونے کے عالمی دن 2020 کا موضوع 'سب کے لیے ہاتھ کی حفظان صحت' ہے۔