کورونا وائرس کے خطرے سے نمٹنے کیلئے رامپور میں ہر ممکن انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ ایک طرف جہاں دو منزلہ عمارت پر مشتمل 32 بیڈ کا آئیسولیش وارڈ پہلے ہی تیار ہے۔
تو وہیں ضلع رامپور کی تحصیلوں میں قائم کمیونٹی ہیلتھ سینٹر پر کورونا وائرس کے مشتبہ افراد کے کوارنٹین کا نظم بھی کیا گیا ہے۔
ضلع میں چھ افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو جانے کے بعد سے انتظامیہ نے اپنی سرگرمیوں کو مزید تیز کرتے ہوئے سماجوادی پارٹی کے رکن پارلیمان اعظم خاں کی جوہر یونیورسٹی کے میڈیکل کالج کا استعمال آئیسولیش وارڈ کے طور پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ خالی پڑے اس میڈیکل کالج میں تمام طرح کی سہولیات موجود ہیں۔ ساتھ ہی یہ شہر کی آبادی سے دور بھی ہے۔
اس سے روز مرہ کے آنے والے مریضوں کو بھی ضلع ہسپتال میں کورونا کے مریض ہونے کی وجہ سے دشواریاں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔