کانپور:اترپردیش کے کانپور کے رجنی ورڈ پر واقع جمعیت کے دفتر میں پریس کانفرنس کا اہتمام کیاگیا۔اس موقع پر جمعیت علماء اتر پردیش کے نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی صدر مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور نے بتایا کہ یہ اجلاس شہر کانپور کی روایات میں خاص شناخت رکھتا ہے۔ ماہ رجب میں ہونے والے اس سہ روزہ اجلاس معراج النبیﷺ کی وجہ سے پریڈ گراؤنڈ کو رجبی گراؤنڈ کہا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اہل ایمان اللہ اور نبیؐ کی بات پر کامل یقین رکھتے ہیں۔ انسانی عقل اللہ ہی کی بنائی ہوئی ہے۔ اللہ اور نبیؐ کی کوئی بات اور شریعت کا کوئی حکم عقل کے خلاف نہیں ہے۔ لیکن بعض نام نہاد مدعیان عقل کل اسلام کو اپنی ناقص عقل پر پرکھنے کی کوشش کرتے ہیں اور دھوکہ کھاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:Dastarbandi Programme مدرسہ حسینیہ حیاالعلوم میں تقریب دستار بندی کا اہتمام
ان کا کہنا ہے کہ حضرت محمد مصطفیﷺ کا تاریخی سفر معراج قرآن و حدیث کے دلائل سے ثابت شدہ ہے لیکن بعض عقل پرست لوگ شکوک و شبہات پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں ان کے شکوک و شبہات کو دورکرنے، غلط فہمیوں کا ازالہ کرنے اور قرآن و سنت و آثار صحابہؓ سے اس واقعہ کو ثابت کرنے کے لئے جمعیت علماء شہر کانپور کی جانب سے گزشتہ ایک صدی سے سہ روزہ اجلاس معراج النبیؐ رجب کے مہینہ میں منعقد کئے جاتے ہیں۔ سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے امسال بھی یہ اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے۔