مظفر نگر: ملک کی تمام ریاستوں میں یونیفارم سول کوڈ کے خلاف جمعیت علما ہند کی جانب سے خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے۔ گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ اس مہم میں تیزی آ گئی ہے۔ دوسری ریاستوں کی طرح اترپردیش میں بھی یونیفارم سول کوڈ کے خلاف محاذ کھول دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ضلع مظفر نگر میں جمعیت علماء شاخ بڈھانہ کے مقامی دفتر قاسمی منزل میں یکساں سول کوڈ کے خلاف ایک خصوصی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں علمائے کرام، دانشوروں اور مقامی باشندوں نے حصہ لیا۔ اس اجلاس میں موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس میٹنگ کی صدارت شہر صدر حافظ شیردین نے کی اور نظامت کے فرائض حافظ تحسین رانا نے انجام دیے۔ اجلاس میں جمعیت علماء کے مقامی عہدیداران اور ورکنگ کمیٹی کے اراکین نے یکساں سول کوڈ (UCC) پر تفصیلی گفتگو کی اور یکساں سول کوڈ کو ملک اور آئین کے خلاف قرار دیا۔ اجلاس میں جمعیت علماء بڈھانہ کے عہدیداروں نے عوام سے (لا کمیشن آف انڈیا) کو یو سی سی پر اپنے اعتراضات بھیجنے کی اپیل کی۔
یہ بھی پڑھیں:Felicitation Ceremony انصار فاونڈیشن کی جانب سے کامیاب طلبا کیلئے اعزازیہ تقریب کا انعقاد
شہر صدر حافظ شیردین نے کہا کہ ہمارے ملک کا آئین سیکولر ہے، جو تمام مذاہب کو اپنے اپنے مذہب کے مطابق زندگی گزارنے کا حق دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارے ملک میں اتحاد کی جھلک ہر طرف نظر آتی ہے، تمام مذاہب یہاں ہزاروں سالوں سے آباد ہیں۔ حافظ شیردین نے کہا کہ جمعیت علماء ہند ایک طویل عرصے سے یکساں سول کوڈ کی مخالفت کر رہی ہے۔ یہ دین میں سراسر مداخلت ہے جسے قبول نہیں کیا جاسکتا۔ ضلع سکریٹری اور ضلع میڈیا انچارج محمد اوساف قریشی نے کہا کہ جمعیت علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی صاحب نے صاف طور واضح کر دیا ہے کہ یکساں سول کوڈ کسی بھی حال میں قبول نہیں ہے۔