لکھنؤ: مسلم سماج میں اصلاحات، ان کی بہتر تعلیم اور فرقہ واریت سمیت مختلف موضاعات کے سلسلے میں جمعیت علماء ہند کا اہم اجلاس آج سہارنپور کے دیوبند میں منعقد ہوگا۔ جمعیت علماء ہند کے ترجمان مولانا کعب رشیدی نے اتوار کو بتایا کہ دیوبند میں واقع مدنی میموریل پبلک اسکول میں منعقد ہونے والی اس اہم میٹنگ میں مغربی اترپردیش کے 17اضلاع میں جمعیت کی مختلف اکائیوں کے کل 1700 نمائندے شرکت کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ تنظیم کے ریاستی صدر مولانا اشہد رشیدی کی صدارت میں ہونے والی اس میٹنگ میں تنظیم کے قومی صدر مولانا ارشد مدنی کلیدی خطبہ پیش کریں گے۔ جمعیت ترجمان نے اس میٹنگ کے ایجنڈے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ میٹنگ میں خاص طور سے مسلم سماج میں بہتری کے پروگرام کو ایک تحریک کی شکل میں چلانے، فرقہ واریت سے نپٹنے کے کئے سماجی اتحاد، پیار اور اعتماد کے ذریعہ ملک کے سبھی طبقات کو آپس میں جوڑنے، مسلم بچوں کو جدید تعلیم سے آراستہ کرانے کے کئے بہتر تعلیمی اداروں کا قیام، تنظیم کی نئی اکائیاں قائم کرنے اور پرانی اکائیوں کو سرگرم بنانے جیسے نکات شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: نفرت کی سیاست کرنے والے ملک کے وفادار نہیں،مولانا ارشد مدنی
انہوں نے بتایا کہ میٹنگ میں جمعیت علماء ہند کے مستقبل کا ایکشن پلان، انسانیت پر مبنی ریاستی اور قومی خدمات، ہندو مسلم اتحاد کی کوششیں اور تعلیمی اور سماجی خدمات سے متعلق پانچ تجاویز بھی پیش کی جائیں گی۔
یو این آئی