مظفرنگر:ریاست اتر پردیش کے مظفر نگر میں جمعیت علماء ہند ضلع صدر مولانا قاسم قاسمی نے میٹنگ کے ایجنڈے پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یونیفارم سول کوڈ (یو سی سی) مسلمانوں کے لیے قابل قبول نہیں ہے۔ میٹنگ میں تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے تمام عہدیداروں نے یکساں سول کوڈ کو ملک دشمن اور آئین کے خلاف قرار دیا۔
انہوں نے کہاکہ میٹنگ میں جمعیت کے عہدیداروں سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ یو سی سی پر اپنے اعتراضات لا کمیشن آف انڈیا کو بھیجیں۔ ملک کا آئین سیکولر ہے، جو تمام مذاہب کو اپنے اپنے مذہب کے مطابق زندگی گزارنے کا حق دیتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ہمارے ملک میں تنوع میں اتحاد کی جھلک ہر جگہ نظر آتی ہے،
مولانا مکرم نے کہا کہ یہاں تمام مذاہب کے لوگ ہزاروں سالوں سے رہتے ہیں۔ حافظ شیردین نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند ایک طویل عرصے سے یکساں سول کوڈ کی مخالفت کررہی ہے، یہ دین میں سراسر مداخلت ہے جسے قبول نہیں کیا جاسکتا۔مسلمان اسلام پر یقین رکھتا ہے جس میں خواتین اور بچوں کو مختلف حقوق کے ساتھ ساتھ زندگی گزارنے کے طریقے بھی سکھائے گئے ہیں۔
جمعیت کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے مقررین نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہمیشہ بغیر کسی تفریق کے مدد کرتی ہے اور ہمیشہ ملک کی خدمت میں مصروف رہتی ہے۔ میٹنگ میں موجود تمام عہدیداروں نے جمعیت علماء ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی کی طرف سے لاء کمیشن کو بھیجی گئی تمام تجاویز اور اعتراضات کی مکمل تائید کی۔
میڈیا کو جانکاری دیتے ہوئے ضلع سکریٹری اور ضلع میڈیا انچارج محمد آصف قریشی بڈھانوی نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی صاحب نے واضح کر دیا ہے کہ یکساں سول کوڈ کسی بھی حالت میں قابل قبول نہیں ہے۔ اجلاس میں حاجی عزیز الرحمن،مولانا سید سعد،مفتی عبدالقادر قاسمی، مفتی مجیب الرحمن،اور مولانا اسرائیل وغیرہ نے بھی اپنے خیالات رکھے۔
یہ بھی پڑھیں:Maulana Bilal Abdul Hai Hasani Nadwi مدارس کے فضلاء کو ملک کے دستور اور قانون سے واقف کرانا نہایت ضروری
اجلاس میں ستمبر کے مہینے میں جنرل باڈی کے اجلاس کے انعقاد اور سماجی اصلاحی پروگراموں کو مضبوطی سے چلانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مولانا صادق، مولانا نسیم، مولانا زبیر رحمانی، قاری احسان، مولانا انعام اللہ، مفتی مجیب الرحمن، مفتی دانش، حکیم امید اشرف، قاری سلیم مہربان، مولانا اسرائیل، مفتی تنمیق، مولانا عثمان، مفتی نبی، مولانا عمران، مولانا رضوان، مولانا ابواکلام، مولانا عبدالرحمن، مولانا مظفر اللہ،قاری جاوید،مفتی مجیب ندوی، قاری جاوید قاری عالمگیر وغیرہ موجود تھے۔