دارالحکومت دہلی سے اتر پردیش کے رامپور پہنچے جماعت اسلامی ہند Jamaat-e-Islami Hind کے سکریٹری انجینئر سلیم اور دیگر عہدیداران نے مولانا یوسف اصلاحی Maulana Muhammad Yusuf Islahi کی رحلت پر اپنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'مولانا یوسف اصلاحی کی وفات نہ صرف تحریک اسلامی ہند بلکہ عالم اسلام کی دینی تحریکات کا بڑا خسارہ ہے۔' Tribute to Maulana Yusuf Islahi in Rampur۔
جماعت اسلامی ہند کے سکریٹری انجینئر محمد سلیم نے اپنی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'مولانا یوسف اصلاحی کے انتقال کی خبر سن کر دل بہت پریشان ہو گیا تھا۔ وہ اچھے مقرر ہونے کے ساتھ ہی ایک اچھے مصنف اور محقق بھی تھے۔ مولانا کی تحریروں سے اس بات کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہ بہت سے پیچیدہ مسائل کو بھی آسان اور سہل زبان میں پیش کر دیتے تھے۔'
وہیں جماعت اسلامی ہند کے شعبہ ملکی و ملی مسائل کے سکریٹری محمد احمد نے اپنی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'مولانا اصلاحی مرحوم معروف جید عالم دین ہونے کے ساتھ ہی تحریک اسلامی میں بھی اہم کردار ادا کرنے والے شخص تھے۔ ان کی تصانیف سے کروڑوں لوگ استفادہ حاصل کر چکے ہیں۔'
اس موقع پر اسسٹنٹ سکریٹری محمد نیئر اور رحمت یار خان نے بھی مولانا یوسف اصلاحی کو یاد کرتے ہوئے تعزیت کا اظہار کیا۔
مولانا محمد یوسف اصلاحی کی پیدائش سنہ 1932 کو اترپردیش کے بریلی میں ہوئی تھی۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم وہیں سے حاصل کی اور وہیں قرآن حفظ کیا۔ بعدازاں بریلی اسلامیہ کالج سے ہائی اسکول پاس کیا۔ مظاہر العلوم سہارنپور میں تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں نے مدرسۃ الاصلاح سے فضیلت کی۔
واضح رہے کہ مولانا محمد یوسف اصلاحی کا 21 دسمبر 2021 کو تقریباً 89 برس کی عمر میں حرکتِ قلب بند ہو جانے کے سبب انتقال ہو گیا۔