علیگڑھ: ریاست اترپردیش کے ضلع علیگڑھ میں شہر کے انتہائی حساس علاقے تھانہ دہلی گیٹ کے سامنے موجود مسجد کی دیوار پر دیر رات سماج دشمن عناصر نے ایک بار پھر علیگڑھ کے پُر امن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی۔ تفرقہ پھیلانے کے لیے مسجد کی دیوار پر جے شری رام لکھ دیا، جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ جسے دیکھ کر مسلم کمیونٹی میں زبردست غصہ دیکھا گیا۔ پولیس نے موقعے پر پہنچ کر 'جے شری رام' تحریر کو کلر لگا کر ڈھک دیا ہے۔
غور طلب ہو کہ مسجد کی دیوار پر جے شری رام لکھتے وقت کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں لکھنے والے کی شکل کو بآسانی دیکھا جا سکتا ہے۔ اطلاع کے مطابق لکھنے والا شخص بی جے پی کا سرگرم رہنما ہے، باوجود اس کے پولیس کی جانب سے جاری سرکل آفیسر ابھے پانڈے کے بیان میں ملزم کو نامعلوم مزدور بتایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
- علیگڑھ کی تاریخی جامع مسجد میں تقریبا چھ کوئنٹل سونا نصب ہے
- علیگڑھ پولیس کی گولی لگنے سے زخمی خاتون کی علاج کے دوران موت
واقعہ کو لے کر علاقے میں غم و غصہ کا ماحول ہے۔ انتظامیہ نے عجلت میں 'جے شری رام' تحریر پر رنگ لگوا کر کسی طرح ڈھک دیا تھا۔ پولیس اور انتظامیہ کے اعلیٰ حکام موقعے پر پہنچ گئے۔ پولیس نے مسجد پر لکھے گیے نعرے کو مٹا دیا ہے۔ سکیورٹی کے لیے پولیس فورس بھی تعینات کردی گئی ہے۔ غور طلب ہو کہ تھانہ دہلی گیٹ علی گڑھ شہر کے انتہائی حساس علاقوں میں سے ایک مانا جاتا ہے۔