لکھنؤ: درگاہ نظامیہ باغ مولوی انور رکاب گنج لکھنؤ میں علماء فرنگی محل کے عرس کا انعقاد آج کیا گیا۔ جس میں مریدین نے حضرت علامہ شمس العلماء عبد الحلیم فرنگی محلی رحمہ اللہ علیہ اور ان کے چھوٹے صاحبزادے شمس العلماء مولانا عبد الحمید فرنگی محلی رحمہ اللہ علیہ کے لئے فاتحہ خوانی کی اور ایصال ثواب کیا۔
اس دوران مفتی عرفان میاں فرنگی محلی سجادہ نشین درگاہ نظامیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ 'موجودہ وقت میں اللہ کی نافرمانی اور برے کاموں کی وجہ سے دنیا میں بہت سی قسم کی آفات اور بیماریاں پھیل رہی ہیں جس کی وجہ تعلیم سے دوری ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'تمام مرد اور خواتین خاص طور پر نوجوان بچوں کو چاہئے کہ وہ دینی اور دنیاوی تعلیم حاصل کریں تاکہ وہ برے کاموں سے بچ سکیں اور خود تربیت اور ترقی حاصل کریں تاکہ ملک کی بھی ترقی ہو ۔
مفتی عرفان میاں نے کہا کہ 'لوگوں کی مدد سے کچھ آسان چیزوں پر عمل درآمد کرکے تمام پریشانیوں سے بچا جاسکتا ہے،' خاص طور پر جھوٹ، دھوکہ دہی، ڈکیتی، شراب خوری، بے شرمی، زیادتی، ناانصافی وغیرہ۔
اس موقع سے مفتی عرفان میاں فرنگی محلی سجادہ نشین درگاہ نظامیہ نے تمام بزرگوں کیلئے ایصال ثواب کیا اور دعا کی کہ اللہ اپنی خصوصی برکت سے پوری دنیا میں پھیلی ہوئی مہلک بیماری "کورونا وائرس" سے نجات عطافرما اور ہمارے ملک میں خوشی اور ترقی عطا فرما، پورے ملک میں امن و امان اخوت کو بڑھاوا دے۔
اس دوران تمام مذاہب کے لوگوں نے درگاہ شریف میں شرکت کی اور گنگا جمنی تہذیب کو ثابت کرتے ہوئے ملک میں یکجہتی کی مثال قائم کی۔