ریاست اترپردیش کے ضلع رامپور کی ضلع سہکاری بینک کے آڈیٹوریم میں معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر سید عبداللہ طارق کی ورک تنظیم کی جانب سے 'سب ملکر رامپور کو مثالی شہر بنائیں' کے عنوان سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کو منعقد کرنے کا مقصد ایک سال کے اندر رامپور کو مثالی شہر میں تبدیل کرنے کےلیے تبادلہ خیال کرنا ہے۔
اس منعقدہ تقریب میں گائیا نام کی سماجی تنظیم کے ڈائریکٹر چندر وکاس نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی اور رامپور کو مثالی شہر بنائے جانے سے متعلق بات چیت کی۔
اس تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شامل معروف اسکالر چندر وکاش نے اپنی تحقیقات اور تجربات کی روشنی میں خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ رامپور کو آسانی سے مثالی شہر بنایا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ماحولیاتی آلودگی نے پوری دنیا کو اپنی زد میں لے لیا ہے۔ بھوک اور پانی کی کمی کے مسائل پیدا نہ ہوں، صفائی و ستھرائی کا دھیان رکھا جائے۔ ساتھ ہی موجودہ تعلیمی نظام دولت کمانے کی مشین بن کر طلبہ و نوجوانوں کے مستقبل سے مذاق نہ کرے، اس طرح کے مسائل کو دور کرکے اچھے طریقہ کار اپنائے جا سکتے ہیں جس سے کوئی بھی شہر ایک برس میں مثالی شہر بن سکتا ہے۔
مزید پڑھیں:بریلی: بھارت بند کو کامیاب بنانے کے لیے کسان یونین کی میٹنگ
اس خصوصی پروگرام کا اہتمام معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر سید عبداللہ طارق کی ورلڈ آرگنائزیشن آف رلیجنس اینڈ نالج یعنی ورک نامی تنظیم کی جانب سے کیا گیا۔سید عبداللہ طارق نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی تنظیم رامپور کو مثالی شہر بنانے میں ہر ممکن تعاون کرے گی۔ پروگرام میں طلبہ و طالبات کے علاوہ بڑی تعداد میں شہر کی مختلف سماجی تنظیموں سے وابستہ سماجی کارکنان نے شرکت کی۔