جونپور: عیدالاضحی مسلمانوں کا بڑا تہوار ہے۔ یہ ہر برس جوش و خروش کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ اور اس موقع پر تین دن مسلمان سنت ابراہیمی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے جانوروں کی قربانی کرتے ہیں۔ اسلام میں قربانی کرنا ایک اہم فریضہ ہے قربانی ہر مسلمان عاقل و بالغ صاحب نصاب مرد و عورت پر واجب ہے۔اس تعلق سے مزید جانکاری سے آپ کو واقف کروانے کیلئے ای ٹی وی بھارت نے نوجوان عالم دین مفتی عبد الرحمن قاسمی سے جامع گفتگو کی ہے۔
ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کرتے ہوئے مفتی عبد الرحمن قاسمی نے کہا کہ قرآن شریف میں ایک سورہ کوثر ہے، جسمیں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے اے نبی آپ اپنے رب کےلئے نماز ادا کریں اور قربانی کیجیئے اس کو مدنظر کرتے ہوئے سارے مسلمان قربانی کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ قربانی ہر عاقل و بالغ مرد و عورت پر جو ساڑھے باون تولہ چاندی اور ساڑھے سات تولہ سونے کا مالک ہے یا اس کے برابر رقم اس کے پاس موجود ہو اور یہ شخص قرضہ سے پاک ہو تو اس شخص پر قربانی کا فریضی ادا کرنا لازمی ہے۔
مولانا عبد الرحمن قاسمی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ قرآن میں فرماتا ہے جس کا مفہوم یہ کہ اللّٰہ کو ہرگز نا جانور کا گوشت اور اور نا اس کا خون پہونچتا ہے بلکہ اللّٰہ تمہاری نیت کو دیکھتا ہے اس لیے قربانی نام و نمود اور شہرت و دکھلاوے سے پاک و صاف ہونا چاہیے۔ ورنہ قربانی کرنے والے کو کوئی ثواب نہیں ملے گا، انہوں نے کہا کہ قربانی کے گوشت کو تین حصوں میں تقسیم کرنا چاہیے۔ ایک حصہ خود کے لیے دوسرا حصہ دوست و احباب کے لیے تیسرا حصہ فقرا و مساکین کے لیے کرنا چاہیے۔
مفتی عبد الرحمن نے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے جس طرح سے اللّٰہ کا حکم پورا کرتے ہوئے اپنے اکلوتے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کو اللّٰہ کی راہ میں قربان کرنے کے لئے تیار ہوگئے۔ اللّٰہ کو امتحان مقصود تھا اور حضرت ابراہیم نے اس امتحان میں کامیابی حاصل کی تو اللّٰہ نے انہیں دنیا کا امام بنا دیا۔ بس اسی طرح سے سارے مسلمانوں کو چاہیے کہ جب اللّٰہ کا حکم ہو جائے تو ہم سب کچھ حتی کہ اپنی جان و مال کو اللّٰہ کی راہ میں قربان کرنے سے گریز نا کریں، انہوں نے کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پاکی اور صفائی کو پسند کرتے تھے اس لیے مسلمان قربانی کے فاضل اجزاء کو زمین دروز کردیں اور قربانی کرنے کے دوران پاکیزگی کا خاص خیال رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ ذی الحجہ کے دس دن ثواب کے لحاظ سے بہت اہم ہے دن میں روزہ رکھنے سے ثواب ملتا ہے یوم عرفہ کے دن روزہ رکھنے کی وجہ سے اللہ تعالیٰ ایک سال پچھلے اور ایک سال اگلے گناہ کو معاف کر دیتا ہے، انہوں نے کہا کہ اگر کوئی غیر مالک نصاب قرض وغیرہ لیکر جانور قربان کرتا ہے، تو اس کی قربانی ہو جائے گی۔
کیونکہ قربانی جذبات کی قربانی ہے،مفتی عبد الرحمن نے کہا کہ صحابہ کرام نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم سے دریافت کیا کہ یہ قربانی کیا ہے، تو آپ نے فرمایا یہ حضرت ابراہیم کی سنت ہے، اس لیے جس طرح سے ہمارے جد امجد حضرت ابراہیم نے خود کو اللّٰہ کے حکم کے آگے خم کردیا، اسی طرح سارے مسلمان ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ہمیشہ اللّٰہ کی راہ میں خود کو قربان کرنے کا جذبہ و حوصلہ رکھیں۔