علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں احتجاج، میئر کی جانب سے جمعہ کو امن مارچ نکالنے کا اعلان اور جمعہ کی نماز دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں۔ علی گڑھ شہر میں انٹرنیٹ سروس بند کرنے کا حکم بھی جاری کیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے جمعہ کو یہاں بتایا کہ انٹرنیٹ سروس جمعرات رات 12 بجے ہی بند کر دی گئی ہے۔ یہ پابندی جمعہ کی شام پانچ بجے تک رہے گی۔ اس کے علاوہ شہر کو 25 سیکٹروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ دو شفٹوں میں 25-25 مجسٹریٹ لگائے گئے ہیں۔
تحصیل سطح پر ضلع اور علاقائی افسران کو سیکٹر بناکر مجسٹریٹ تعینات کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔ اگرچہ امن مارچ نکالنے کے لئے ضلع انتظامیہ نے اجازت نہیں دی ہے۔
علی گڑھ میں شہریت ترمیمی بل کی مخالفت میں اے ایم یو میں جمعرات کو تیسرے دن بھی مظاہرہ کیا گیا۔ طلباکی تحریک کی سوراج پارٹی کے بانی یوگیندر یادو اور گورکھپور آکسیجن سانحہ کے مشہور ڈاکٹر کفیل خان نے حمایت کی۔