اترپردیش کے ضلع بارہ بنکی اور ایودھیا ریلوے اسٹیشن کا معائنہ آج شمالی ریلوے کے جنرل مینیجر آشتوش گنگیل نے کیا۔ اس دوران انہوں نے تمام حفاظتی نظام اور مسافروں کو ملنے والی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔
انہوں نے بتایا کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے بعد مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے لئے وہ مختلف امور پر کام کر رہے ہیں۔ ان میں سب سے اہم کام ریلوے لائن کو دوہری کرنا ہے جو دسمبر 2023 تک مکمل ہو جائے گا۔
ایودھیا معائنہ کے بعد بارہ بنکی جنکشن پہنچے شمالی ریلوے کے جی ایم آشتوش گنگیل نے کہا کہ بارہ بنکی جنکشن ایودھیا کے لئے بہت اہم ریلوے اسٹیشن ہے، یہاں سے این آر اور این ای آر دونوں جانب ٹرینیں جاتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایودھیا میں رام مندر تعمیر کے بعد بارہ بنکی جنکشن کی اہمیت اور بڑھے گی اس لئے یہاں سے جونپور تک ریلوے لائن کو ڈبل کرنے کا کام 2023 تک مکمل کر لیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:
وکیل کے خودکشی کا معاملہ: ناراض وکلاء کا بیگم پل چوراہے پر احتجاج
ریلوے خدمات کی بحالی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ریلوے بورڈ کا ہے لیکن مسافروں کی سہولیات کے لئے متعدد ٹرینز چلائی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متعدد ریاستوں میں کورونا کے مریضوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس لئے ریلوے کورونا کی توسیع کا ذریعہ نہیں بننا چاہتا ہے۔
اس موقع پر بارہ بنکی کے رکن پارلیمان اوپیندر راوت اور بی جے پی کے ضلع صدر اودھیش شریواستو کی جانب سے بارہ بنکی جنکشن پر مختلف سہولیات مہیا کرانے کے لئے آشتوش گنگیل کو میمورنڈم بھی پیش کیا گیا۔