ملک میں کورونا وبا کے کیسز میں اضافہ کے سبب اتحاد ملت کونسل پارٹی کے سربراہ مولانا توقیر رضا خان نے الیکشن کمشنر سے یوپی اسمبلی الیکشن Up Assembly Election 2022 کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس کے لیے انہوں نے الیکشن کمیشن کو خط بھیجا ہے۔
خط میں مولانا توقیر رضا خان نے چیف الیکشن کمشنر کو بتایا ہے کہ ملک تقریباً دو سال سے کورونا کی وبا سے لڑ رہا ہے۔ ڈاکٹروں اور ماہرین کے مطابق فروری میں کورونا کی تیسری لہر اپنے عروج پر ہوگی۔ اس صورتحال میں انتخابی عمل کے ذریعے وباء انتہائی خطرناک حد تک جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بڑھتے ہوئے انفیکشن کی وجہ سے ووٹنگ بھی متاثر ہو سکتی ہے۔ ایسے میں الیکشن کرانا درست نہیں ہوگا۔
آئی ایم سی کے سربراہ مولانا توقیر نے چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ کورونا وبا کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے اتر پردیش، اتراکھنڈ، پنجاب سمیت پانچوں ریاستوں میں اسمبلی انتخابات پر غور کریں اور انتخابات کو اگلے چھ ماہ تک ملتوی کر دیں۔ آئی ایم سی کے میڈیا انچارج منیر ادریسی نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو خط بھیجا گیا ہے۔ ہمیں پوری امید ہے کہ الیکشن کمیشن ہماری تجویز پر غور کرے گا۔