ریاست اترپردیش کے ضلع سہارنپور علاقے کے تھانہ فتح پور پولیس کو آج بڑی کامیابی ملی ہے۔ پولیس نے غیر قانونی اسلحہ بنانے والی ایک فیکٹری کا پردہ فاش کیا ہے اور وہاں سے بڑی تعداد میں غیر قانونی اسلحہ سمیت اسلحہ بنانے کا سامان بھی برآمد کیا ہے۔ وہاں موقع سے ایک شخص کو بھی گرفتار کیا ہے جبکہ ایک شخص فرار ہونے میں کامیاب رہا۔
موصولہ اطلاع کے مطابق مخبر کی اطلاع پر غیر قانونی اسلحہ بنانے والی فیکٹری کا پردہ فاش کرتے ہوئے ایک نوجوان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے فیکٹری سے بڑی تعداد میں تیار شدہ طمنچے، زندہ کارتوس اور اسلحہ بنانے کا سامان برآمد کیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ فیکٹری میں کافی وقت سے غیرقانونی اسلحہ بنانے کا کام چل رہا تھا۔ آرڈر ملنے پر اس فیکٹری میں اسلحہ بناکر فروخت کیے جاتے تھے۔ گرفتار کیا گیا نوجوان پہلے بھی غیر قانونی اسلحہ تیار کرنے میں گرفتار ہوچکا ہے اور اس پر مقدمے بھی قائم ہیں۔ پولیس فرار ملزم کی تلاش کر رہی ہے۔
اس سلسلے میں ایس پی دیہات اشوک کمار مینا نے بتایا کہ تھانہ فتح پور پولیس نے غیر قانونی اسلحہ بنانے والی فیکٹری کا پردہ فاش کیا ہے جس میں بڑی تعداد میں تیار شدہ اسلحہ، کارتوس، خالی کھوکھے اور اسلحہ تیار کرنے میں استعمال ہونے والا سامان برآمد ہوا ہے۔ گرفتار کیا گیا نوجوان پہلے بھی اسی معاملے میں گرفتار ہوچکا ہے۔ پولیس نے فیکٹری کو سیل کرکے آگے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔