ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں کورونا مثبت کیسز میں اضافے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے جبکہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے کہ کورونا وبا پر قابو پایا جا سکے۔
مظفر نگر کی سبھی آکسیجن گیس ایجنسیز پر گیس سلنڈر بھروانے کے لیے لمبی لمبی قطاریں دیکھنے کو مل رہی ہیں جس کی وجہ سے مریضوں کے رشتہ داروں کے ماتھے پر شکن اور افراتفری کا ماحول ہے۔ کچھ لوگ تو ایسے بھی ہیں جن کو گھنٹوں گھنٹوں لائن میں کھڑے ہونے کے بعد بھی سلنڈر میں آکسیجن نہیں مل رہی ہے کیوں کہ لوگ زیادہ ہیں لیکن آکسیجن کم اس لیے انہیں کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
شہر کے انصاری روڈ پر پر واقع رامہ آکسیجن گیس ایجنسی کے ملازمین نے بتایا کہ وہ ان لوگوں کو ہی آکسیجن گیس سلنڈر دے رہے ہیں جن کے پاس ان کے مریضوں کی کورونا مثبت رپورٹ اور ڈاکٹر کے ذریعے لکھی گئی پرچی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'مظفر نگر کے علاوہ میرٹھ اور غازی آباد سے بھی گیس سلنڈر لینے کے لیے لوگ آ رہے ہیں جس کی وجہ سے لمبی لمبی قطاریں لگ جا رہی ہیں اور لوگوں کو گیس سلنڈر لینے کے لیے جدوجہد کرنی پڑ رہی ہے۔ بڑی تعداد میں لوگوں کے آنے کی وجہ سے گیس سلنڈرس کی کمی کے سبب لوگوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔'