ریاست اترپردیش کے ضلع ہاتھرس میں پولیس کا انسانی چہرہ اس وقت سامنے آیا ہے جب پولیس نے پہلے تارکین وطن حاملہ خاتون مزدور کی طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال میں داخل کرایا اور بعد میں اخراجات کے لیے کچھ روپے بھی دیے۔
دراصل تارکین وطن مزدوروں کا اپنے گھروں کو واپس جانے کا عمل ابھی جاری ہے، جس کو جیسے بھی سہولت مل رہی ہے وہ اسی طرح جارہا ہے۔
اسی طرح ہریانہ کے فریدآباد سے تعلق رکھنے والے ایک تارکین وطن مزدور کی حاملہ بیوی کی طبیعت خراب ہوگئی، ضلع ہریدوئی کے گاؤں مالاوا جارہی خاتون جب سکندر راؤ کوتوالی کے علاقے میں پہنچی تو اس کی طبیعت خراب ہوگئی۔
اس بات کی خبر جب سکندر راؤ کے ایس ایچ او پرویش رانا کو ملی، تو انہوں نے پہلے ایمبولینس کے ذریعے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر بھجوایا، جہاں عورت نے ایک صحت مند بچے کو جنم دیا ہے۔
نومولود بچے کی پیدائش کے بعد پولیس نے اپنے لوگوں سے چندہ کرکے 5500 روپے دیے، اور ساتھ ہی اس کنبہ کو گھر لے جانے کے لیے ایک گاڑی کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔