رامپور کی اس بیٹی نے مثالی کارنامہ انجام دیا ہے جو مسلم معاشرے کے لئے فخر کی بات ہے۔ دراصل رامپور کی حفصہ خان اپنی سخت محنت اور لگن سے بی فارم کے امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کر کے پورے اترپردیش کی ٹاپر بن گئی ہیں۔
واضح رہے کہ لکھنؤ میں قائم ملک کی معروف ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام ٹیکنیکل یونیورسٹی فارمیسی کی تعلیم کے لئے کافی اہم مانی جاتی ہے اور رامپور کی حفصہ خان اے کے ٹی یو سے بی فارم 2017 تا 21 کے بیچ میں 91.9 فیصد نمبر حاصل کر کے پورے اترپردیش میں ٹاپر بن گئی ہیں۔
حفصہ نے فرسٹ رینک حاصل کر کے نہ صرف اپنا اور اپنے گھر والوں کا بلکہ پورے مسلم معاشرے کا سر فخر سے اونچا کر دیا ہے۔
حفصہ خان کے والد نے ایک چھوٹا سا کاروبار کر کے اپنے تین بچوں کی پرورش کی۔ حفصہ کے والدین بھی اپنی بیٹی کی اس کامیابی کو دیکھ کر کافی خوش ہیں۔
حفصہ نے جس محنت اور لگن سے کامیابی حاصل کی۔ اس منزل کو پایا ہے اس سے ثابت ہو گیا ہے کہ کامیابی کو حاصل کرنے لئے اگر جدوجہد کی جائے تو وہ رائیگاں نہیں جاتی۔
معاشرے کی بیٹیوں کو حفصہ خان سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ تعلیم کے میدان میں بہتر کارکردگی انجام دیں اور والدین سے لے کر معاشرے اور ملک کا نام روشن کریں۔