نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منگل کو کچھ ہندو خواتین کی جانب سے وارانسی کے ضلع مجسٹریٹ کو متنازع گیانواپی مسجد کمپلیکس کے سیل شدہ علاقے میں پانی کے ٹینک کو صاف کرنے کی ہدایت دینے کی درخواست کو قبول کرلیا۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس جے بی پارڈی والا اور منوج مشرا کی بنچ نے متعلقہ فریقوں کے دلائل سننے کے بعد عرضی کو قبول کر لیا ہے۔
بنچ نے مسلم فریق کی اس دلیل کو دھیان میں لیا کہ انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ مسلم فریق کے سینئر وکیل حذیفہ احمدی نے بنچ کو بتایا کہ ان کے موکل کو پانی کے ٹینک کی صفائی پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ انتظامیہ صفائی کرے۔اس کے بعد بنچ نے ہدایت دی کہ پانی کے ٹینک کی صفائی اس عدالت کے سابقہ احکامات کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلع انتظامیہ وارانسی کی نگرانی میں کرائی جائے۔
اس معاملے میں دائر درخواست میں ایڈوکیٹ وشنو شنکر جین نے خواتین کی جانب سے عدالت سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 16 مئی 2022 کو سروے کے بعد پانی کی ٹینک کی صفائی نہیں کی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ "پانی کے ٹینک میں مچھلیاں 20.12.2023 سے 25.12.2023 کے درمیان مر گئی ہیں، اس کی وجہ سے ٹینک سے بدبو آ رہی ہے۔"
درخواست میں یہ بھی الزام لگایا گیا ہے کہ درخواست گزار انجمن انتظاریہ مچھلیوں کی حالت کی ذمہ دار ہے، جس کی وجہ سے ان کی موت ہوئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اگر وارانسی ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی درخواست کے مطابق مچھلی کو منتقل کیا جاتا، تو موجودہ افسوسناک صورتحال پیدا نہ ہوتی۔ چونکہ وہاں موجود شیولنگ ہندوؤں کے لیے مقدس ہے اس لیے اسے گندگی اور مردہ جانوروں سے دور رکھا جانا چاہیے۔"
درخواست میں عدالت سے ضلع مجسٹریٹ کو وضو خانے کے پورے علاقے کی صفائی اور حفظان صحت کی حالت کو برقرار رکھنے کی ہدایت مانگی گئی ہے۔ خواتین درخواست گزاروں نے یہ بھی کہا کہ مچھلیوں کی جان کو لاحق خطرے کے پیش نظر 17 مئی 2022 کو حکومت اترپردیش اور وارانسی کے ضلع مجسٹریٹ کی جانب سے مچھلیوں کو وہاں سے منتقل کرنے کے لیے مناسب ہدایات جاری کرنے کے لیے ایک درخواست دائر کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں؛
- شاہی عیدگاہ مسجد تنازعہ: مسجد کا معائنہ کرنے کے لئے کمشنر کی تقرری پر سپریم کورٹ نے روک لگائی
- گیان واپی سروے: اے ایس آئی کی لفافہ بندرپورٹ کے انکشاف کی کاروائی کو ملتوی کرنے کی استدعا
تاہم انجمن انتظامات کمیٹی نے اس درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے اعتراض درج کرتے ہوئے کہا کہ مچھلی کو متعلقہ جگہ سے منتقل نہیں کیا جاسکتا۔ عدالت عظمیٰ نے مئی 2022 میں ہدایت دی تھی کہ وہاں مبینہ طور پر موجود 'وضو خانہ' کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے اور مسلمانوں کو نماز پڑھنے کے لیے اس جگہ جانے کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ (یو این آئی)