اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ کے چودھری چرن سنگھ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کسٹم ڈپارٹمنٹ کو ایک بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
دبئی سے لکھنؤ آنے والے پانچ افراد سے تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کا سونا برآمد کیا گیا ہے۔ یہ تمام مسافر کسٹم ڈیوٹی ادا کیے بغیر سونا لکھنؤ لے آئے تھے۔
کسٹم کی دفعات کے تحت سونا ضبط کر لیا گیا ہے۔ اب مزید کارروائی کی جارہی ہے۔
کسٹم ڈپٹی کمشنر نہاریکا لکھا نے بتایا کہ دبئی سے لکھنؤ پہنچنے والے 5 مسافروں سے تقریباً 3 کلو 191 گرام سونا برآمد کیا گیا ہے۔ یہ تمام مسافر پرواز نمبر IX 1194 اور 6E 8457 کے ذریعے لکھنؤ پہنچے تھے۔
برآمد ہوئے سونے کی مجموعی مالیت 1 کروڑ 61 لاکھ 21 ہزار 8 سو 59 روپے ہے۔ مسافر نے سونے کو سلنڈرکل اور سرکلر شکل میں تیار کر لکھنؤ سے دبئی لایا تھا۔
سونے کو رولر اسکیٹس کے ہتھے اور مکسر مشین کی باڈی میں چھپا کر لا یا گیا تھا۔ اس میں سے ایک مسافر سونے کو پیسٹ کے طور پر ڈھال کر اسے اپنے انڈر گارمنٹس میں چھپا کر لایا تھا۔
کسٹم افسران نے برآمد سونے کو کسٹم کی دفعات کے تحت قبضہ میں لے کر ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔