اتراکھنڈ کے چمولی میں گلیشیئر پھٹنے سے بڑے پیمانے پر تباہی کا امکان ہے، الکنندا اور دھولی گنگا کا پانی لوگوں کے لیے خطرہ بن کر ابھر رہا ہے۔ جس کی وجہ سے کیرتی نگر، دیوپریاگ، منی ریٹی کے علاقوں کو تیز رفتار بہاؤ کے پیش نظر چوکنا رہنے کو کہا گیا ہے۔
جبکہ پانی کے بہاؤ کی وجہ سے بہت سے مکانات بہہ چکے ہیں، انتظامیہ کی طرف سے لوگوں کو آس پاس کے علاقوں کو خالی کرانے کے ساتھ محفوظ علاقوں تک پہنچنے کی اپیل کی جارہی ہے۔
دوسری طرف سی ایم تریویندر سنگھ راوت نے حالات کا جائزہ لینے کے دوران میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ہمیں اب تک جو اطلاعات موصول ہوئی ہیں ان کے مطابق دو پل بہہ گئے ہیں۔ نقصان کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ لوگوں کے ہلاکت کا بھی خدشہ ہے، لیکن صورتحال ابھی تک واضح نہیں ہے۔
الک نندا کے قریب علاقوں سے لوگوں کو نکالا جارہا ہے۔ احتیاطی طور پر بھاگیرتی ندی کا بہاؤ روک دیا گیا ہے۔ سری نگر ڈیم اور رشیکش ڈیم کو خالی کر دیا گیا ہے تاکہ الکنندا کے پانی کے بہاؤ کو کنٹرول کیا جا سکے۔